بھارت نے” دی کشمیر والا ” کی ویب سائٹ اور سوشل میڈیا اکائونٹس بند کردیے
سرینگر21اگست(کے ایم ایس)غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں میڈیا کی آزادی کا گلا گھونٹنے کے ایک اور واقعے میں بھارتی حکومت نے آزاد نیوز آئوٹ لیٹ”دی کشمیر والا” کی ویب سائٹ اور اس کے سوشل میڈیا اکائونٹس کو بلاک کر دیا ہے جیسے اس کے چیف ایڈیٹر فہد شاہ اور رپورٹر سجاد گل کی گرفتاری قابض حکام کے غصے کو ٹھنڈاکرنے کے لیے کافی نہیں تھی۔
کشمیروالا نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں اس کارروائی کو ” سنسرشپ”قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جموں و کشمیر میں آزادی صحافت کے لیے ایک اور دھچکاہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ویب سائٹ کو نوٹس جاری کیے بغیر یا سرکاری حکم جاری کیے بغیر بلاک کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ 2011سے کشمیر والا نے حکام کے ناقابل تصور دبا ئوکے باوجود خطے کی ایک آزاد، قابل بھروسہ اور جراتمندآواز بننے کی کوشش کی ہے۔ بیان کے مطابق سرور فراہم کرنے والی کمپنی نے عملے کو مطلع کیا کہ بھارتی وزارت الیکٹرانکس اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی نے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ 2000کے تحت ویب سائٹ کو بلاک کر دیا ہے۔ اس کے بعد عملے کو پتہ چلا کہ کشمیر والا کا فیس بک پیج جس میں تقریبا پانچ لاکھ فالوورز ہیں، ہٹا دیا گیا ہے اور اس کا ٹوئٹر اکائونٹ بند کر دیا گیا ہے۔بیان میں کہاگیا کہ کشمیر والا کے ایڈیٹر انچیف فہد شاہ گزشتہ 18ماہ سے جیل میں ہیں۔ پولیس نے فہد شاہ کو گزشتہ سال فروری میں گرفتار کیا تھا اور ان پر الزام لگایا تھا کہ وہ آزادی پسند لوگوں کے ہمدرد ہیں اور انہوں نے علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کرنے والا مواد اپ لوڈ کیاہے۔ اس کے علاوہ سجاد گل جنہوں نے دی کشمیر والا کے ساتھ بطور ٹرینی رپورٹر کام کیا، وہ بھی پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت بھارتی ریاست اتر پردیش کی ایک جیل میں نظربند ہیں۔