مقبوضہ جموں و کشمیر

غلام احمد گلزار کالے قانون کے تحت سرینگر سینٹرل جیل منتقل

سرینگر 03مارچ (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار کو بٹہ سرینگر کے مالو پولیس اسٹیشن سے سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیا ہے۔
غلام احمد گلزا ر کوگزشتہ شام ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ سرینگر کی طرف سے کالا قانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کئے جانے کے بعد سرینگر سینٹرل جیل منتقل کیاگیا ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما ء مشتاق احمد بٹ نے اسلام آبا د سے جاری ایک بیان میں اے پی ایچ سی کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار کی کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت سرینگر سینٹرل جیل منتقلی کی شدید مذمت کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت گرفتاریوں اور دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے حریت قائدین کے جذبہ حریت کو کمزور نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں فوجی طاقت کے بل پر کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کو مسلسل پامال ،حریت رہنمائوں ، کارکنوں ،نوجوانوں اورصحافیوںکو گرفتار کر کے انہیں جیلوں میں قید کر رہا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ ان ظالمانہ ہتھکنڈوںکے ذریعے بھارت کشمیریوں کو اپنی حق پر مبنی جدوجہد آزادی جاری رکھنے سے روک نہیں سکتا ۔ مشتاق احمد بٹ نے کہا کہ وادی کشمیر میں قابض بھارتی فورسز نے ہر طرف خوف ودہشت کا ماحول قائم کررکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نہتے کشمیری عوام پر بھارتی فوجیوں کے مظالم پر عالمی برادری بالخصوص اقوام متحدہ کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بھارت پر دبائو بڑھائے ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button