اسلام آباد:قومی اسمبلی کا بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کو خراج عقیدت
اسلام آباد 17ستمبر (کے ایم ایس)
قومی اسمبلی نے آج (جمعہ ) متفقہ طور پر ایک قرارداد منظور کی جس میں بزرگ کشمیری حریت قائد سید علی گیلانی کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لیے انتھک اور دلیرانہ جدوجہد پر شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پارلیمانی امور کے وزیر مملکت علی محمد خان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں کشمیریوں کی تحریک آزادی کے ہر دلعزیز رہنما کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔قرارداد میں اعتراف کیا گیا کہ مرحوم رہنما نے اپنی زندگی تحریک آزادی کے لیے وقف کر دی تھی اور انہوں نے ہمیشہ مظلوم کشمیریوں کے حقوق اور بھارتی مظالم کے خلاف آواز بلند کی۔ قرار داد میں کہا گیا کہ سید علی گیلانی نے قید سمیت ہر قسم کے جبر کا سامنا کرتے ہوئے تحریک آزادی کو مزید تقویت دی۔ایوان نے کہا کہ سید علی گیلانی کا معروف نعرہ ”ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے“۔ کشمیری قوم کا متفقہ نعرہ بن چکا ہے۔قرار داد میں کہا گیا کہ بزرگ رہنما کی زندگی کشمیری نوجوانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ایوان نے سید علی گیلانی کی میت ان کے خاندان سے چھیننے ، مسلم روایات کے مطابق مناسب تدفین سے انکار اور سوگوار خاندان کے خلاف جعلی مقدمات کے اندراج پر جابرانہ بھارتی حکومت کی شدید مذمت کی۔ ایوان نے عالمی برادری بالخصوص امت مسلمہ سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کو اس طرح کے اوچھے ہتھکنڈوں سے روکے۔ایوان نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ کشمیری عوام حق خود ارادیت کی اپنی منصفانہ جدوجہد میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ایوان میں سید علی گیلانی اور بلوچستان کے سابق وزیراعلیٰ سردار عطاءاللہ مینگل کے درجات کی بلندی کیلئے دعا بھی کی گئی۔