کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیاچیئرمین منتخب ہونے پر مسرت عالم بٹ کو مبارک باد
سرینگر07 ستمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیںحریت رہنمائوں نے سینئر حریت رہنماء مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکریٹری اور جموں وکشمیر ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس احمد وانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں بزرگ حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی شہادت کے بعد مسرت عالم بٹ کو حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے۔ انہوں نے کہاکہ سیدعلی گیلانی نے مسرت عالم بٹ کی سیاسی تربیت کی اور وہ کشمیریوں کے بنیادی حق، حق خودارایت پر پختہ یقین رکھتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت نے طویل عرصے سے مسرت عالم بٹ کوغیر قانونی طورپر جیل میں نظربند کر رکھا ہے اور بھارتی مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔انہوںنے کہاکہ جیل میں مسرت عالم بٹ کی غیر قانونی نظربندی کو تقریبا 25برس ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی مظالم کے باوجود ان کے جذبہ حریت میں کوئی کمی نہیں آئی ہے ۔ خواجہ فردوس وانی نے امید ظاہر کی کہ حریت کانفرنس کے نئے چیئرمین بھرپورجوش و جذبے سے جدوجہد آزادی کی قیادت کریں گے اور کشمیری عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموں وکشمیر سوشل پیس فورم کے چیئرمین ایڈووکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے جموں سے جاری ایک بیان میں غیر قانونی طورپر نظربند سینئر حریت رہنماء مسرت عالم بٹ کو حریت کانفرنس کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہا مسرت عالم بٹ طویل عرصے سے غیر قانونی طورپر نظربند ہیں اور بھارتی قابض انتظامیہ نے ان کی غیر قانونی نظربندی کو طول دینے کیلئے ان پر 38مرتبہ کالاقانون پبلک سیفٹی ایکٹ لاگو کیا۔ تاہم انہوں نے کہاکہ بھارت ان انتقامی کارروائیوں سے مسرت عالم بٹ کے جذبہ حریت کو کمزور کرنے میں ناکام رہا ہے ۔ دیویندر سنگھ بہل نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کشمیر ی عوام خصوصا نوجوانوں میں بہت مقبول ہیں اور سوشل پیس فورم انہیں ہر ممکن مدد اور تعاون فراہم کرے گا۔مسلم خواتین مرکز کی سربراہ یاسمین راجہ ،مسلم لیگ کے قائمقام چیئرمین عبدالاحد پرااور جموں وکشمیر پولیٹیکل ریزسٹنس موومنٹ کے رہنماء ڈاکٹر مصعب احمد نے بھی سرینگر سے جاری اپنے بیانات میں میں مسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کی جیل میں غیر قانونی طورپر نظربند مسرت عالم بٹ اور دیگر حریت رہنمائوں نے جدوجہد آزاد ی کشمیر کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کی ہیں اور ان قربانیوںکا تحفظ کشمیری عوام کی ذمہ داری ہے ۔تحریک حریت کے کنوینر غلام محمد صفی اورمیر واعظ عمر فاروق کی سرپرستی میں قائم حریت فورم کے کنوینرسید فیض نقشبندی نے اسلام آباد سے جاری اپنے بیانات میں بابائے حریت سید علی گیلانی کی زیر حراست شہادت کے بعد کل جماعتی حریت کا نفرنس کی قیادت کے خلا کو پر کرنے کیلئے مسرت عالم بٹ کے نئے چیئرمین کے طورپر تقرر کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کیلئے نیک تمنائوںکا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسرت عالم بٹ کے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کیلئے کردار نے بھارت کی نیندیں حرام کردی ہیں۔انہوںنے کہاکہ سید علی گیلانی کی نظر انتخاب کاروان حریت میں شہید اشرف صحرائی کے بعد مسرت عالم پر مرکوز تھیں۔ جموںوکشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین الطاف احمد بٹ نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں مسرت عالم بٹ کے حریت کانفرنس کے چیئرمین مقرر ہونے پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ انہوںنے اس فیصلے کو بروقت قراردیا۔جموں وکشمیر ینگ مینز لیگ کے وائس چیئرمین زاہد اشرف ، تحریک استقلال جموں وکشمیر کے وائس چیئرمین مشتاق احمد بٹ اور چیئرمین یوتھ ونگ تنویر درانی نے اپنے بیانات میںمسرت عالم بٹ کو کل جماعتی حریت کانفرنس کا نیا چیئرمین مقرر ہونے پر مبارک باد پیش کی ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ وہ کشمیری عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے ۔