بھارت
کرناٹک:بی جے پی حکومت نے حجاب پر پابندی کے بعد اذان کےخلاف مہم شروع کردی
بنگلورو 23 اپریل (کے ایم ایس) بھارتی ریاست کرناٹک میں بی جے پی کی ہندو توا حکومت نے حجاب پر پابندی کے بعد اب اذان کے خلاف مہم شروع کر دی ہے جس سے ریاست میں موجودہ معاشرتی بے چینی میں اضافہ ہونے کا امکان ہے۔
کرناٹک کے وزیر اعلی بسواراج بومئی اور ریاست کے ڈی جی اور آئی جی پی اذان کے خلاف سرگرم ہو گئے ہیں جبکہ سری رام سینا کے بانی پرمود متالک نے کہا ہے کہ انہوں نے اذان سے آزادی کی مہم شروع کر دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مساجد میں اذان دیتے وقت قواعد کی خلاف ورزی پر قانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔ ریاست کے آئی جی پی پروین سود نے کہا ہے کہ مساجد اور دیگر جگہوں پر جہاں اسپیکر کا استعمال کیا جاتا ہے انہیں نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں، ہم کسی بھی قیمت پر ہائی کورٹ کے حکم کی خلاف ورزی کی اجازت نہیں دیں گے۔