بھارتی فوج کے تعاون سے چلنے والے اسکول کے اساتذہ کو حجاب پہنے سے روکنے کی مذمت
سرینگر27اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے بھارتی فوج کے تعاون سے چلنے والے اسکول کے اساتذہ کو حجاب پہنے سے روکنے کے حکمنامے کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایک ٹویٹ میں حجاب پہنے سے روکنے کے مراسلے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت ہوسکتی ہے لیکن جموںو کشمیر یقینی طور پر کسی بھی ہندوستانی ریاست کی طرح نہیں ہے جہاں وہ اقلیتوں کے گھروں کو بلڈوز کرتے ہیں اور انہیں اپنی مرضی کے مطابق لباس پہننے کی آزادی نہیں دیتے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری لڑکیاں اپنے انتخاب کے حق سے دستبردار نہیں ہوں گی۔
واضح رہے کہ بارہمولہ میں بھارتی فوج کے تعاون سے پونے کی ایک این جی او کے ذریعہ چلائے جانے والے ایک اسکول نے اساتذہ سے اسکول کے اوقات میں حجاب پہنے سے گریز کرنے کا کہا ہے ۔ پیر کو اسکول انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ ایک سرکلر میں عملے سے کہا گیا تھا کہ وہ اسکول کے اوقات میں حجاب سے گریز کریں ۔