کشمیری عوام سخت پابندیوں میں آج اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ عید منا رہے ہیں
سرینگر03مئی (کے ایم ایس)
پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے شوال کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںلوگ آج عیدالفطربھارت کی جانب سے عائد کی گئی سخت پابندیوں کے درمیان اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ منارہے ہیں۔قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں نماز عید کے بڑے اجتماعات پر پابندیاں عائد کررکھی ہیں۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق پابندیوں کے پیش نظر شہروں اور بڑے قصبوںکی مساجد بشمول عید گاہ اور تاریخی جامع مسجد سری نگر میں نماز عید کا کوئی اجتماع نہیں ہوا ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام گزشتہ شب مرکزی رویت ہلال کمیٹی پاکستان کی طرف سے شوال کا چاند نظر آنے کے اعلان کے بعد اپنے پاکستانی بھائیوں کے ساتھ عید منارہے ہیں۔گزشتہ شب وادی کشمیر کی مساجد میں لائوڈ اسپیکروں پر آج عید منانے کے اعلانات کئے گئے ۔جموں وکشمیر کے مفتی اعظم مفتی ناصر الاسلام نے جموں و کشمیر کے عوام کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارکباد پیش کی ہے ۔