مقبوضہ جموں وکشمیرمیں قتل و غارت اور ریاستی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر بھارت کی مذمت
سرینگر09مئی (کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںجموں و کشمیر ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی( ڈی ایف پی) نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے قتل و غارت اور ریاستی دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے واقعات کی مذمت کی ہے۔
ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںعلاقے میں انسانی حقوق کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل تشدد اور خونریزی کشمیریوں کی بقاء کے لئے سنگین خطرہ بن رہی ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارت کے وحشیانہ ظلم و جبر کا شکار ہیں۔ ڈی ایف پی رہنما نے کولگام اور وادی کے دیگر علاقوں میں نوجوانوں کے حالیہ قتل کو بھارتی حکومت کی منظم نسل کشی مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم سے اپیل کی کہ وہ صورتحال کا جائزہ لیں اور کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے وحشیانہ مظالم کو روکنے میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے کالے قوانین کا سہارا لے کر مقبوضہ جموں وکشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم کر رکھا ہے۔انہوں نے کہاکہ محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ لوگوں کو ہراساں اور ذلیل کیا جا رہا ہے جبکہ بھارت کشمیریوں کی جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں، عصمت دری اور جعلی مقابلوں میں نوجوانوں کے قتل کو جنگی حربے کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ترجمان نے نام نہاد کے حد بندی کمیشن کی حالیہ رپورٹ کو مسترد کرتے ہوئے اسے ایک سازش قرار دیا جس کا مقصد فیصلہ سازی کے عمل میں کشمیری مسلمانوں کے کردار کو کم کرنا اور انہیں اقلیتی برادری کے تابع بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بار بار ان سازشوں کو ناکام بنادیا ہے جو کشمیری مسلمانوں کو بے اختیاربنانے کے لیے کی جا رہی ہیں ۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے تحریک آزادی کے رہنما غلام حسن لون کے انتقال پر تعزیت کا اظہاربھی کیا۔
دریںا ثناء ڈیموکریٹک پولیٹیکل موومنٹ نے بانڈی پورہ میں حریت رہنما حاجی سلطان شاہ کی یاد میں منعقدہ تعزیتی اجلاس میں کہا کہ کشمیر کاز کے لیے ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی نماز جنازہ میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ حاجی سلطان مختصر علالت کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انتقال کر گئے۔حریت رہنمائوں جمیل میر ، ڈاکٹر مصعب، جموں و کشمیر پیپلز لیگ اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ کے رہنما سید اعجاز رحمانی نے جماعت اسلامی مقبوضہ جموں وکشمیر کے رہنما حاجی محمد سلطان اور پیپلز لیگ کے رہنما غلام حسن لون کے انتقال پر گہرے دکھ اورافسوس اورسوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی میں ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔