سرینگر: کشمیر یونیورسٹی کے طلباءکا پروفیسر کی برطرفی کے خلاف مظاہرہ
سرینگر 14 مئی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں” کشمیر یونیورسٹی“ کے طلبا نے نریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے کیمسٹری کے پروفیسر الطاف حسین پنڈت کی برطرفی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔
احتجاجی طلباءنے پلے کارڑز اٹھا رکھے تھے جن پر ”شعبہ کیمسٹری کے لیے یوم سیاہ“ لکھا تھا اور پروفیسر کی تصاویر موجود تھیں۔ انہوںنے پروفیسر کی برطرفی کے حکام کے حکمنامے کو مسترد کیا اور اس کی مذمت کی۔
بھارتی حکام نے جاری تحریک آزادی کی حمایت کے الزام میں کشمیر یونیورسٹی کے پروفیسر الطاف حسین پنڈت سمیت تین کشمیری سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔ دیگر دو برطرف کیے جانے والے ملازمین میں استاد محمد مقبول حجام اور پولیس کانسٹیبل غلام رسول شامل ہیں۔
نریندر مودی فسطائی بھارتی حکومت اب تک کئی کشمیری سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے برطرف کر چکی ہے جسکا مقصد کشمیریوں کو خوف و دہشت کا شکار کر کے انہیں تحریک آزادی سے دور کرنا ہے۔