مقبوضہ جموں وکشمیر:سوپور میں ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی دھمکی
سرینگر15نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںضلع بارہمولہ کے قصبے سوپور میں ٹیکسی یونینوں سمیت ٹرانسپورٹرز نے جنرل بس اسٹینڈ میں غیر قانونی ٹیکسیوں کو جگہ دینے کے حکام کے اقدام کے خلاف غیر معینہ مدت تک ہڑتال کرنے کی دھمکی دی ہے۔
گریجویٹ منی بس مالکان کے صدر عبدالحمید نے سوپور میں ایک میڈیا انٹرویو میں کہا کہ جنرل بس سٹینڈ سوپور میں 400سے 500غیر قانونی ٹیکسیوں کو جگہ دینے کا انتظامیہ کا فیصلہ مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کسی بھی حد تک جائیں گے لیکن انتظامیہ کو ایسا کرنے کی اجازت نہیں دیں گے کیونکہ اس اقدام سے ہم متاثر ہوں گے۔ٹرانسپورٹرز کا کہناہے کہ ایک ہی جگہ پر تین اسٹینڈز کا ہونا ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ میونسپل کونسل اور مقامی انتظامیہ ان کے ساتھ کھلواڑکررہی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حکم نامے کو فوری طور پر واپس لیا جائے۔ٹیکسی سٹینڈ یونین کے صدر عبدالمجید نے کہا کہ انہیں اعتماد میںنہیں لیا گیا اور یہ قابل قبول اقدام نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ٹرانسپورٹرز کے درمیان تصادم کا اندیشہ ہے۔اسی طرح تاجر فیڈریشن سوپور نے بھی غیر قانونی ٹیکسیوں کو بس اسٹینڈ میں جگہ دینے کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پیر کے روز انتظامیہ نے ایک اجلاس کے بعد قصبے میں ٹریفک کو منظم کرنے کے نام پر ہر قسم کی گاڑیوں کی بحالی کا باقاعدہ حکم نامہ جاری کیا تھا۔