اقوام متحدہ بھارت کو نہتے کشمیریوں کی نسل کشیُ سے روکے ، عزیر غزالی
مظفرآباد14 ستمبر (کے ایم ایس )
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے چیئرمین عزیراحمدغزالی نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے خلاف حملوں اور ان کی نسل کشیُ کی شدید مذمت کی ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق عزیر احمد غزالی نے مظفر آباد سے جاری ایک مذمتی بیان میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ، او آئی سی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں بشمول ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ایشیا واچ پرزوردیا ہے کہ وہ بھارتی حکومت اور اسکی قابض افواج کو مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کیخلاف منصوبہ بندی دہشت گردی سے روکنے کیلئے اقدامات کریں۔ انہوںنے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کو فوجی طاقت اور آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز یکٹ ، پوٹا اور ٹاڈا جیسے کالے قوانین کے ذریعے روندھ رہا ہے۔عزیر غزالی نے حکومت پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے بارے میں جاری کیئے گئے ڈوزیئر کو بھارتی حکومت کیخلاف ایک چارج شیٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ علاقے میں بدترین دہشتگردی کررہا ہے ۔ انھوں نے اقوام متحدہ پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی بحالی اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے کیلئے اپنا منصبی کردار ادا کرے ۔
ادھرجموں وکشمیر پیپلز موومنٹ کے وائس چیئرمین عبدالمجید ملک ،جموں وکشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے وائس چیئرمین قاضی عمران اورجموں وکشمیر پیپلز ایسوسی ایشن کے کنویئنر خالد شبیر نے اسلام آباد سے جاری ایک مشترکہ بیان مقبوضہ جموں وکشمیر میں مسلسل جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدید مذمت کی ہے ۔ انہوںنے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی دہشت گردی رکوانے اور غیر قانونی طورپر نظربند تمام حریت رہنمائوں اورکارکنوںکی رہائی کیلئے بھار ت پر دبائو بڑھائے۔