انڈین امریکن مسلم کونسل کی تاریخی گیان واپی مسجد کے ایک حصے کو سیل کرنے کی مذمت
واشنگٹن 18مئی(کے ایم ایس)انڈین امریکن مسلم کونسل نے ایک بیان میں بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر وارانَسی(بنارس) میں تاریخی گیان واپی مسجد کے ایک حصے کو سیل کرنے کے بھارتی عدالت کے حکم کی مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آئی اے ایم سی نے کہا کہ یہ واقعہ تاریخی بابری مسجد کی طرح گیان واپی مسجد کے انہدام کی راہ ہموار کرنے کی طرف ایک اقدام ہوسکتاہے۔
بھارتی عدالت نے گیانواپی مسجد کے ایک حصے کو سیل کرنے کا حکم دیا جب کچھ ہندو وکلا ء نے مذہبی مقام کی ویڈیو گرافی کے ایک حصے میں وضو کے ٹینک میں شیولنگ کی موجودگی کا دعویٰ کیا۔ تاہم مسلمان وکلاء نے جو ویڈیو گرافی کرنے والی ٹیم کا حصہ تھے، اس دعوے کی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ڈھانچہ شیولنگ نہیں بلکہ ایک فوارہ ہے۔
بہوجن سماج پارٹی کی صدر مایاوتی نے لکھنو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی لوگوں کی توجہ بے روزگاری، غربت اور بڑھتی ہوئی مہنگائی جیسے مسائل سے ہٹانے کے لیے مذہبی جذبات کو بھڑکا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی مقامات کو جان بوجھ کر نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے خبردارکیا کہ آنے والے دنوں میں ملک کے حالات مزید خراب ہو سکتے ہیں۔