بھارت
پٹنہ: امتحان دینے جانیوالا طالبعلم مسلح افراد کے حملے میں ہلاک
پٹنہ:
بھارتی ریاست بہار کے شہر پٹنہ میں امتحان دینے جانیوالے ایک نوجوان کی مسلح افراد کے وحشیانہ حملے میں ہلاکت کے بعد بڑے پیمانے پراحتجاجی مظاہرے شروع ہو گئے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ہرش راج نامی نوجوان پٹنہ کے بی این کالج میں ووکیشنل انگلش تھرڈ ایئر کا طالب علم تھا،جسے مسلح افراد نے لاٹھیوں سے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا ۔ پولیس کے مطابق ہرش راج پردس سے پندرہ مسلح افراد نے پیر کواس وقت حملہ کیا جب وہ سلطان گنج لا ء کالج میں امتحان دینے کے لیے جارہا تھا ۔ حملے کے بعدنوجوان کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیاگیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ پولیس نے نوجوان کے قتل کے شبہ میں پٹنہ کالج کے طالب علم چندن کمار کو گرفتار کیا ہے۔ نوجوان کے وحشیانہ قتل کے بعد کالج میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے ۔