مقبوضہ جموں و کشمیر

نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم کے خلاف حکومت پاکستان کے ڈوزیئر کا خیرمقدم

 

سرینگر14 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس نے حکومت پاکستان کی طرف سے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں نہتے کشمیریوں پر بڑے پیمانے پر ظلم وتشدد اور حقوق انسانی کی سنگین پامالیوں کے بارے میں جاری کئے گئے ڈوزیئر کا خیرمقدم کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے معاون جنرل سیکرٹری اور ڈیموکریٹک پولٹیکل موومنٹ کے چیئرمین خواجہ فردوس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ پاکستان کی وزارت خارجہ نے ہمیشہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے سنگین جنگی جرائم، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں، جعلی مقابلوں اور خواتین کی بے حرمتیوں کو جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کئے جانے کو بے نقاب کیا ہے۔انہوں نے کہاکہ ڈوزیئر سے ثابت ہوگیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کا وکیل ہے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی طرف سے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزادانہ تحقیقات کیلئے مقبوضہ علاقے تک رسائی دینے کی غرض سے بھارت پر دبائو بڑھانے کیلئے اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے اپیل کا بھی خیرمقدم کیاہے۔خواجہ فردوس نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں نافذ کالے قوانین کے تحت بھارتی فوجیوں کو نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی کھلی چھوٹ حاصل ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجی انعامات اور ترقی کے لالچ میں بے گناہ کشمیریوں کا خون بہارہے ہیں اور عالمی برادری خاموش تماشاہی کا کردار ادا کررہی ہے۔ حریت رہنما نے کہا کہ تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود کشمیری عوام کشمیری شہداء کے مشن کو ہر قیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کیلئے پر عزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حریت کانفرنس کسی کو بھی کشمیری شہداء کی قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کی اجازت نہیں دے گی۔ حریت رہنما نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں آزادی صحافت پر بھی قدغن عائد کر رکھی ہے اور اگر کوئی صحافی جموں وکشمیر کی تازہ صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرنا چاہتاہے تو اس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائی جاتی ہے۔ خواجہ فردوس نے کہا کہ مسئلہ کشمیر ایک حل طلب دیرینہ تنازعہ ہے اورپاکستان نے ہمیشہ نیک نیتی کے ساتھ اس مسئلے کے پرامن حل کی کوشش کی ہے جبکہ بھارت نے طاقت کے بل کشمیر پر ناجائز قبضہ کررکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قرار دادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل نہیں کیا جاتا جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتا۔

دریں ا ثناءکل جماعتی حریت کانفرنس کی آزادکشمیر شاخ میں جموں وکشمیر مسلم لیگ کے نمائندے شیخ عبدالمتین نے بھی مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر پاکستان کے ڈوزیئر کا خیر مقدم کیا ہے ۔ انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا کہ اس اقدام سے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کا پردہ چاک ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے خلاف ڈوزیئر جاری کرنے کا فیصلہ درست اور بروقت اقدام ہے جس سے بھارت کا بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ بے نقاب ہوگیا ہے ۔ شیخ عبدالمتین نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر ایک تصفیہ طلب مسئلہ ہے اورعالمی برادری کو کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کرانے اور دیرینہ تنازعہ کشمیر کو منصفانہ اور پرامن طریقے سے حل کرانے میں اپنا کردارادا کرنا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button