مقبوضہ جموں وکشمیر:بھارتی پولیس نے سماجی کارکن وقار بھٹی سمیت دو افراد گرفتار کر لیے
جموں 28 مئی (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پولیس نے ایک معروف سماجی کارکن وقار حسین بھٹی سمیت دو افراد کو گرفتار کر لیا ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وقار حسین بھٹی کو جو جموں وکشمیر سے متعلق بھارتی میڈیا کے مباحثوں میں بھی حصہ لیتے ہیں پولیس نے شیولنگ کے بارے میں ٹویٹ کے الزام میں گرفتار کیا ۔ضلع راجوری کے علاقے تھانہ منڈی کے رہائشی وقار حسین بھٹی نے ایک اور ٹویٹ کے ذریعے اپنے شیو لنگ والے ٹویٹ کی وضاحت کرتے ہوئے لکھا کہ میں نے کسی مذہب کو نشانہ نہیں بنایا ہے۔انہیں گرفتار ی کے بعد عدالت میں پیش کیا گیاجس نے 3 جون تک انہیں پولیس ریمانڈ میں دیدیا۔واضح رہے کہ وقار بھٹی سوشل میڈیا پر اور بھارتی چینلوں پر اپنے مباحثوں کے دوران مقبوضہ جموںوکشمیر کی ابتر صورتحال اجاگر کرتے رہتے ہیں ۔
دریں اثنابھارتی پولیس نے ضلع بارہمولہ کے علاقے اتھورا بالا سے محمد سلیم خان نامی نوجوان کو گرفتار کر لیا۔