عالمی برادری بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کا نوٹس لے ، بشیر اندرابی
سرینگر 02جون (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء سید بشیر اندرابی نے عالمی برادری پرزوردیا ہے کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیری نوجوانوں کے قتل عام کا سخت نوٹس لے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سید بشیر اندرابی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی فوج کے مظالم کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی طاقتوں سے اپیل کی کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا پیدائشی حق، حق خود ارادیت دلوانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے اپنی پر امن جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں تاہم بھارت جموں وکشمیر پر اپنے غیر قانونی تسلط کو طول دینے کیلئے طاقت کا وحشیانہ استعمال اور انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں کررہا ہے ۔ سید بشیر انداربی نے کہاکہ اپنے مذموم مقصد کے حصول کیلئے مودی کی فسطائی بھارتی حکومت نے 5اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کر دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت عملًا مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کر کے مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں بدلنا چاہتی ہے ۔ حریت رہنما نے مقبوضہ علاقے سے بھارتی فوج کے مکمل انخلا اور اپنے ناقابل تنسیخ حق ،حق خود ارادیت کے حصول تک جدوجہد آزادی کو جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے غیر قانونی طورپر نظربند حریت قائدین کی فوری رہائی کابھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیاکہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کو حل کئے بغیر خطے میں پائیدار امن قائم نہیں ہو سکتا۔