بھارتی تحقیقاتی ادارے کے انسانی حقوق کے کارکن ہرش مندر کے گھر اور دفتر پر چھاپے
نئی دلی 16ستمبر (کے ایم ایس )
بھارتی تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی)نے نئی دلی میں انسانی حقوق کے ممتاز کارکن اور انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس کے سابق افسر ہرش مندر کے گھر اوردفتر پر چھاپے مارے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ای ڈی کے اہلکاروں نے ہرش مندرکے جرمنی روانہ ہونے کے چند گھنٹوں بعد ان کے گھر اور دفتر پر چھاپہ مارا۔ وہ اپنی اہلیہ کے ہمراہ برلن میں نوماہ کی فیلو شپ کیلئے برلن گئے ہیں۔ ای ڈی کے عہدیداروں نے وسنت کنج میں ان کے گھر اورسینٹر فار ایکویٹی اسٹڈیز کے ان کے دفتر اور مہرولی میں ان کے زیر انتظام ایک چلڈرن ہوم پر چھاپے مارے ۔ ای ڈی کے عہدیداروں کے چھاپے کے وقت ہرش مندر کے گھر میں کوئی موجود نہیںتھا۔بھارتی میڈیا کے مطابق ای ڈی نے منی لانڈرنگ سے متعلق ایک مقدمے میںہر ش مندر کے گھر اور دفتر پر چھاپے مارے ہیں۔دلی پولیس نے متحدہ ترقی پسند اتحاد (یو پی اے)کے دور حکومت میں سونیا گاندھی کی زیرقیادت قومی مشاورتی کونسل کے رکن کے طورپر ہرش مندر کے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا ہے جس کے بعد ای ڈی نے ان کے گھر اور دفتر پر چھاپے مارے ۔ ہرش مندرنے 2017میںسول سوسائٹی کی مہم” کاروانِ محبت”بھی شروع کی تھی ۔سول سوسائٹی کی کارکن شبنم ہاشمی نے ای دی کے چھاپوں کی مذمت کی ہے۔