بھارتی وزارت دفاع نے 76ہزارکروڑ روپے کے ہتھیار خریدنے کی منظوری دیدی
نئی دلی07جون (کے ایم ایس)بھارت میں دفاعی صنعت کو فروغ دینے اور غیر ملکی اخراجات کو نمایاں طور پر کم کرنے کیلئے ڈیفنس ایکوزیشن کونسل نے بھارتی بحریہ کیلئے اگلی نسل کے آٹھ کارویٹس، پہیوں والی بکتر بند جنگی گاڑیاں اور فوجی ساز و سامان کی خریداری کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج کیلئے پل بچھانے والے ٹینک اور فضائیہ کے Su-30 MKIلڑاکہ طیاروں کیلئے ایرو انجنوں کی تیاری کی بھی منظوری دی گئی ہے۔بھارتی وزارت دفاع کے عہدیداروں نے بتایاکہ ڈی اے سی کا اجلاس وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کی صدارت میں منعقد ہوا ۔ آرمڈ فورسز کے 76,390کروڑ روپے کے سرمایہ کے حصول کی تجاویز کوڈی اے سی نے Buy Indian and Buy and Make Indian زمرے کے تحت منظور کیا ہے۔ڈی اے سی نے بھارتی فوج کے لیے رف ٹیرین فورک لفٹ ٹرک، پل بچھانے والے ٹینک، دیسی ذرائع سے ٹینک شکن گائیڈڈ میزائل اور ہتھیاروں کا پتہ لگانے والے ریڈار کے ساتھ بکتر بند جنگی گاڑیاں خریدنے کی تجویز کی منظوری دی ہے۔اس کے علاوہ وزارت دفاع کے حکام نے کہا کہ ڈی اے سی نے بھارتی بحریہ کے لیے 36,000کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے نیکسٹ جنریشن کارویٹس (این جی سی)کی خریداری کی منظوری دی ہے۔این جی سی کی تعمیر بھارتی بحریہ کے نئے اندرون خانہ ڈیزائن کی بنیاد پر جہاز سازی کی جدید ترین ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کی جائے گی۔ ڈی اے سی نے بھارت ایروناٹکس لمیٹڈ کے ذریعے ڈورنیئر طیاروں اور Su-30 MKI ایرو انجنوں کی تیاری کے لئے خاص طور پر ایرو انجن کے مواد میں AONکی مقامی طورپرتیاری کو بڑھانے پر توجہ مرکوز کی۔ڈی اے سی نے ڈیجیٹل کوسٹ گارڈ پروجیکٹ کی منظوری دی ہے۔اس پروجیکٹ کے تحت کوسٹ گارڈز میں مختلف سطحوںپر اور ہوا بازی کے کاموں، لاجسٹکس، فائنانس اور انسانی وسائل کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے کے لیے پورے بھارت میں محفوظ نیٹ ورک قائم کیا جائے گا۔