نئی دلی:آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کا توہین رسالت کے مرتکب بی جے پی رہنمائوں کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
نئی دلی09 جون (کے ایم ایس)
نئی دلی میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے کارکنوں نے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرمااورمیڈیا ونگ کے سربراہ نوین کمار جندل کی طرف سے توہین رسالت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پارٹی کارکنوں نے نوپور شرما اور نوین کمار جندل کی گرفتاری کیلئے جنتر منتر نئی دلی میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔اس موقع پر اتحاد المسلمین کے کارکنوں کی پولیس کے ساتھ جھڑپیں بھی ہوئیں۔پولیس نے احتجاج سے روکنے کیلئے متعدد کارکنوںکو گرفتار کرلیا ۔ مظاہرین نے توہین رسالت کی مرتکب نوپور شرما اور بی جے پی کے خلاف شدید نعرے بازی کی ۔ مجلس اتحاد المسلمین نے توہین رسالت پر بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما اور میڈیا ونگ کے سربراہ نوین کمار جندال کے خلاف شاہین باغ پولیس اسٹیشن نئی دلی میں ایک مقدمہ بھی درج کرایاہے۔
ادھر بھارتی پولیس نے پارٹی کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی کے خلاف اشتعال انگیز تقریر پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔
دریں اثناء دراوڑ منیتر کزگم کے رہنما ڈاکٹر ڈی مستھان نے بی جے پی رہنمائوں نوپور شرما اور نوین جندال کو پیغمبر اسلام ۖکے بارے میں گستاخی پر گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ڈاکٹر ڈی مستھان نے جو راجیہ سبھا کے سابق رکن بھی ہیں سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں بی جے پی رہنمائوں کی طرف سے توہین رسالت کی شدید مذمت کی ۔