مقبوضہ جموںوکشمیرمیں بھارتی حکومت کی طرف سے قتل و غارت کا سلسلہ جاری : رپورٹ
اسلام آباد 12جون(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنریندر مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے قتل و غارت کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ ترین واقعات میںبھارتی فوجیوں نے کولگام اور پلوامہ اضلاع میں مزید پانچ نوجوانوں کو شہیدکردیا۔
کشمیر میڈیا سروس کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 1989سے اب تک مقبوضہ علاقے میںبھارتی فوجیوں کے ہاتھوں 96ہزار54سے زائد بے گناہ کشمیری شہیدچکے ہیں۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بہیمانہ قتل وغارت کا مقصد بھارتی قبضے کے خلاف کشمیریوں کی مزاحمت کو دبانا ہے لیکن بھارت قتل وغارت کے ذریعے کشمیریوں کو اپنی جدوجہد سے دستبردارکرانے میں کبھی کامیاب نہیں ہوگا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ روزانہ ہونے والی شہادتیں کشمیریوں کو آزادی کے حصول سے روک نہیں سکتیں اور ظالم اور فسطائی مودی کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں اپنے جرائم کا حساب دینا ہوگا۔رپورٹ میں کہاگیا کہ آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے اور بھارت کی شکست نوشتہ دیوار ہے۔بین الاقوامی برادری کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں بے گناہوں کے قتل کو روکنے کے لیے مداخلت کرنی چاہیے۔