گستاخانہ بیانات کے خلاف شکاگو میں بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ
شکاگو20جون (کے ایم ایس)بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کے رہنمائوں کی طرف سے پیغمبر اسلام حضرت محمد ۖ کے بارے میںگستاخانہ بیانات کے خلاف امریکہ کے شہر شکاگو میں مسلمان تنظیموں نے بھارتی قونصل خانے کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مظاہرین نے بھارت میں اسلام اور مسلمانوں پر حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ احتجاج میں سینکڑوں غیر مسلموں نے بھی شرکت کی اور بھارت میں مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔احتجاجی مقام ”لبیک یا رسول اللہ” اور”لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نعروں سے گونج اٹھا۔ مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر قطب الدین نے کہا کہ مسلمان سب کچھ برداشت کر سکتے ہیں لیکن وہ اپنے نبی پاکۖ کی کسی قسم کی توہین برداشت نہیں کر سکتے۔شکاگو میں قائم انسانی حقوق کی تنظیم” جسٹس فار آل” کے صدر ڈاکٹر خورشید ملک نے کہا کہ ہم نہ صرف اپنے نبی رحمتۖ کی توہین کی مذمت کرتے ہیں بلکہ ہم مجرموں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔”سی آئی او جی سی” نامی ایک مسلمان تنظیم کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبداللہ مچل نے کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ مسلمان اپنے مذہب پر قائم رہیں اور اسلام اور پیغمبر اسلام ۖ کے تقدس کی حفاظت کے لیے انتھک کوششیں کریں۔تقریب سے شاہنواز خان اور ارشاد خان نے بھی خطاب کیا۔