نریندرمودی جھوٹے خواب دکھا کر عوام کو بے وقوف بنا رہے ہیں:راہل گاندھی
نئی دلی:بھارت میں کانگریس پارٹی کے لیڈر راہل گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ جھوٹ بولتے ہیں اور عوام کو جھوٹے خواب دکھا کر بے وقوف بناتے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہاکہ دس سال سے نوجوانوں کو جھوٹے خواب دکھانے والے نریندر مودی ملک میں ٹھگی کا کاروبار کررہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت میں بی جے پی حکومت کا مطلب جھوٹ اور ناانصافی کی ضمانت ہے۔انہوں نے نریندر مودی پر بطور وزیر اعظم اپنے وعدوں کو پورا نہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ انہوں نے جو بھی گارنٹی دی وہ جھوٹی ثابت ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج مسٹر مودی ملک کے لوگوں کو گمراہ کرنے کیلئے گارنٹی کی بات کرتے ہیں لیکن سچائی یہ ہے کہ انہوں نے پہلے جتنی بھی گارنٹیاں دی تھیں وہ سب جھوٹ ثابت ہوئیں اور انہوں نے کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا۔انہوں نے کہا مودی جی نئی گارنٹیوں’سے پہلے پرانی گارنٹیوں ‘ کا حساب دو۔راہل گاندھی نے کہاکہ ہر سال دو کروڑ نوکریوں کی گارنٹی ، کسانوں کی آمدنی دوگنا کرنے کی گارنٹی ، کالا دھن واپس لانے کی گارنٹی، مہنگائی کو کم کرنے کی گارنٹی، ، خواتین کے تحفظ اور عزت کی گارنٹی ، 100اسمارٹ سٹیز بنانے کی گارنٹی، روپے کو مضبوط کرنے کی گارنٹی، چین کو آنکھیں دکھانے کی گارنٹی اور اس طرح کے دیگر بہت سے وعدے اور دعوے سب کے سب جھوٹ ثابت ہو ئے ہیں ۔