مودی حکومت ہندو معاشرے کو عسکری بنانے کے ساورکر کے مقصد کو پورا کر رہی ہے، سی پی آئی(ایم )
نئی دہلی 24 جون (کے ایم ایس) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا مارکسسٹ (سی پی آئی-ایم) نے کہا ہے کہ بھارتیہ جنتاپارٹی کی حکومت اگنی پتھ سکیم کے ذریعے ہندو معاشرے کو عسکری بنانے کے ونائک دامودر ساورکر کے ہدف کو پورا کر رہی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی پی آئی(ایم) نے اپنے اخبار "پیپلز ڈیموکریسی” کے تازہ اداریے میں کہاکہ بھارتی حکومت ان کارپوریشنوں کے مقصد کو بھی پورا کر رہی ہے جو دفاعی پیداوار کے منصوبوں میں حصہ لے رہی ہیں۔اداریے میں کہا گیا کہ اگنی پتھ منصوبہ مسلح افواج اور معاشرے کے لیے زیادہ خطرناک ہے۔ اداریے میں لکھا ہے کہ اگنی پتھ سکیم کو بھارتی ریاست اور اس کے اداروں کو ہندوتوا کے رنگ میں رنگنے کے بڑے منصوبے کے ایک حصے کے طور پر دیکھا جانا چاہئے ، ہندوتوا حکمران اپنے نظریاتی نقطہ نظر کی بنیاد پر مسلح افواج کی تنظیم نو کر رہے ہیں ، یہ سکیم ساورکر کے ہندو سماج کو عسکریت پسند بنانے کے ہدف کو پورا کرنے میں کچھ نہ کچھ ضرور مدد کرے گی۔ دامودر ساورکر نے ہندوتوا کا ہندو قوم پرست نظریہ تیار کیا تھا۔