انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کیطرف سے میرواعظ کی عیدالاضحی سے قبل رہائی کا مطالبہ
سرینگر24 جون (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انجمن اوقاف جامع مسجد سری نگر نے تنظیم کے سربراہ میر واعظ عمر فاروق کی عیدالاضحی سے قبل فوری اور غیر مشروط رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔ قابض بھارتی انتظامیہ نے میر واعظ فاروق کو 5اگست2019سے سرینگر میں گھر میںنظر بند کر رکھا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق انجمن اوقاف نے ایک بیان میں کہا کہ انتظامیہ نے آج مسلسل دو جمعہ کے وقفے کے بعد سرینگر کی تاریخی جامع مسجد میں نما ز جمعہ کی ادائیگی کی اجازت دی ۔ بیان میں انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ وہ مستقبل میں کسی نہ کسی بہانے جامع مسجد کو بند کرنے سے گریز کرے ۔
انجمن اوقاف نے کہا کہ وہ میرواعظ عمر فاروق کی قریباً تین برس سے گھر میں نظربندی پر شدید افسوس کا اظہار کرتی ہے۔بیان میں انتظامیہ پر زور دیا گیا کہ وہ عیدالاضحی کے پیش نظر میرواعظ کی فوری اور غیر مشروط رہائی کو یقینی بنائے ۔