مقبوضہ جموں وکشمیر : بھارتی فوجیوں نے پلوامہ میں 2 نوجوان شہید کر دیے
سرینگر20اگست(کے ایم ایس)
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میںبھارتی فوجیوں نے اپنی ریاستی دہشت گردی کی تازہ کارروائی کے دوران آج ضلع پلوامہ میں 2کشمیری نوجوان شہید کر دیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق فوجیوںنے نوجوانوں کو ضلع کے علاقے کھریو(Khrew)میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہید کیا۔ آخری اطلاعات تک علاقے میں بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔
دریں اثنا بھارتی فوجیوں نے آج صبح سویرے سوپور قصبے میں محاصرے اور تلاشی کی ایک بڑی کارروائی شروع کر دی۔ بھارتی فوج ، سینٹرل ریزرو پولیس فورس(سی آر پی ایف)اور سپیشل آپریشن گروپ(ایس او جی) کے اہلکاروں نے سوپور قصبے کے تمام داخلی اور خارجی راستے سیل کر کے تلاشی کی کارروائی شروع کی۔
ادھر ضلع راجوری کے علاقے تھنہ منڈی میں بھی بھارتی فوج کا آپریشن جاری تھا۔ ضلع پلوامہ کے علاقے کیلان میں نامعلوم افراد نے تین رہائشی مکانات کو نقصان پہنچایا۔