مودی حکومت نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں مزید فوج تعینات کر دی
سری نگر:نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی بھارتی حکومت نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مزید فوجی دستے تعینات کر دیے ہیں۔ مقبوضہ جموںوکشمیر میں پہلے ہی دس لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار تعینات ہیں جسکی وجہ سے یہ اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والاخطہ بن چکا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں خطے میں انفنٹری بریگیڈ کی تین بٹالین جبکہ سپیشل فورسز کے کئی دستے تعینات کیے گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق مجموعی طور پر مزید3 ہزار فوجی جبکہ سپیشل فورسز کے 5سو اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔
بھارتی ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اس کے علاوہ سینٹرل آرمڈفورسز فورس(سی اے پی ایف)کے اہلکاروں کی بھی ایک نامعلوم تعداد مقبوضہ علاقے کی طرف روانہ کر دی گئی ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں مزید فو ج جموں خطے میں بڑھتے ہوئے حملوںکے بیش نظرتعینات کی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ منگل کے روز ڈوڈہ میں ایک حملے میں بھارتی فو ج کے ایک میجر سمیت چار فوجی ہلاک گئے تھے جبکہ ایک اور حملے میں دو بھارتی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔