پابندیوں کی وجہ سے کشمیر کے سیاحتی شعبے کو شدیدنقصان پہنچا: ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر
سرینگر03جولائی(کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیر (TAAK)نے کہاہے کہ امرناتھ یاترا کے باعث سخت سیکورٹی انتظامات کی وجہ سے مقامی لوگوں اور سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اورانہیں ہراساں کیاجارہا ہے۔
ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد کاٹھونے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یاتریوں کے علاوہ دیگرسیاحوں کی نقل و حرکت پر سخت پابندیوں کی وجہ سے بہت سے سیاح شاہراہوں پر پھنس گئے ہیں۔انہوں نے کہااس طرح کی پابندیوں سے نہ صرف عام سیاحوں کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا ہے بلکہ کشمیرسے باہر کے ٹریول ایجنٹوں نے اگست کے وسط تک کشمیر کی تشہیر روک دی ہے جس سے سیاحوں کی آمد میں اچانک کمی آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ امرناتھ یاتریوں کے ساتھ ترجیحی سلوک کشمیر کی سیاحت کو بری طرح متاثر کر رہا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر نے کہاکہ کشمیریوں نے یاتریوں اور دیگر سیاحوں کا صدیوں سے یکساں خیر مقدم کیا ہے اور انہیں کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ اس سال حفاظتی انتظامات نے مسائل کو مزید بڑھا دیا ہے اور تفریح، مہم جوئی اور دیگر سیاحتی شعبوں کو بہت زیادہ نقصان پہنچایا ہے۔ ٹریول ایجنٹس ایسوسی ایشن آف کشمیرنے حکام سے اپیل کی کہ وہ اس پر غور کریں تاکہ غیر یاتری سیاحوں کو تکلیف نہ ہو۔