عالمی برادری تنازعہ کشمیر کے حل کیلئے کردار ادا کرے، حریت رہنما
سرینگر 28 فروری (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما جمیل احمد میر نے کہا ہے کہ اب وقت آگیا ہے کہ دو پڑوسی ملک بھارت اور پاکستان دیرینہ تنازعہ کشمیر کو حل کرنے پر توجہ دیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جمیل احمد میر نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں امن کا خواہاں ہے اور چاہتا ہے کہ تنازعہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہو۔انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ جنوبی ایشیائی خطے میں مستقل امن کے قیام کے لیے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔انہوں نے کہا کہ دو ایٹمی طاقتوں پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کی بنیادی وجہ تنازعہ کشمیر ہے اور جب تک یہ مسئلہ حل نہیں ہوتا دونوں ملوں کے درمیان تعلقات معمول پر نہیں آسکتے۔جمیل احمد میر نے افسوس کا اظہار کیا کہ 10 لاکھ بھارتی فورسز اہلکار مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہے ہیں ۔
دریں اثناکل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما سبط شبیر قمی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ علاقے میں شراب کی دکانیں کھولنے کی اجازت دینے کی مذمت کی۔انہوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ مسلم اکثریتی کشمیر میں جان بوجھ کر شراب کو مقبول بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر اس فیصلے کو واپس لیں اور علاقے میں شراب کے لائسنس جاری کرنا بند کرے۔