جھار کھنڈ: طالبہ کو جنسی طورپر ہراساں کرنے پر بھارتی آئی اے ایس افسر گرفتار
کھنٹی06 جولائی (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست جھارکھنڈ میں ایک آئی اے ایس افسر کو انجینئرنگ کی ایک ٹرینی طالبہ کو جنسی طور پر ہراساں کرنے پر گرفتار کرلیا گیا ۔
پولیس سپرنٹنڈنٹ امان کمار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ایک ٹرینی طالبہ کی طرف سے کھنٹی وویمن پولیس اسٹیشن میں جنسی طورپر ہراساں کرنے کی شکایت درج کرانے کے بعد آئی اے ایس 2019بیچ کے افسر کوگرفتار کیاگیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آئی اے ایس افسر کے خلاف جنسی طور پر ہراساں کرنے کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بیرون ریاست سے آنی والی انجینئرنگ کے آٹھ طلبہ جن میں متاثرہ طالبہ بھی شامل ہے کھنٹی میں تربیت حاصل کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ طالبہ کے بیان کے مطابق اسے ڈپٹی ڈیویلپمنٹ کمشنر کی رہائش گاہ پرایک عشائیے کے دوران آئی اے ایس افسر نے جنسی طورپر ہراساں کیا ۔
تقریب میں آئی اے ایس افسر نے خاتون طالبہ کو اکیلا پاکر مبینہ طور پر اسے جنسی طور پر ہراساں کیا۔ ایس پی نے کہا کہ آئی اے ایس افسر اور پارٹی میں شریک مہمانوں سے پوچھ گچھ کے بعد طالبہ کا الزام سچ ثابت ہوگیاہے۔انہوں نے کہا کہ طالبہ کو میڈیکل چیک اپ کے لیے بھیجا گیا ہے ۔