کل جماعتی حریت کانفرنس کا برہان وانی ودیگر شہدائے کشمیرکو خراج عقیدت
شہداءکشمیریوں کے حقیقی ہیر و ہیں، غلام احمد گلزار، بشیر عرفانی
سرینگر07 جولائی (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے شہید برہان وانی، شہدائے 13 جولائی اور دیگر تمام شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان عظیم سپوتوں نے آ زادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور یہ کشمیریوں کے اصل ہیر و ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمد گلزار اور جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں اپنے بیانات میں جاری ہفتہ شہداء کے حوالے سے حریت کلینڈر پر بھر پور عملدرآمد پر لوگوں کا شکریہ ادا کیا۔ غلام احمد گلزار نے سینٹرل جیل سرینگر سے ایک پیغام میںشہید برہان وانی کو حقیقی ہیرو اور مزاحمت کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے 13 جولائی 1931 کے شہداءکی قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔ غلام احمدگلزار نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد، انسانی تاریخ کی طویل ترین جدوجہد میں سے ایک ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت نے جموںوکشمیر میں 10 لاکھ سے زائد فورسز اہلکار تعینات کر کے علاقے کو ایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت جموں و کشمیر کو مکمل طور پر قبرستان میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے لیکن وہ اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گی۔ انہوںنے بھارت کی تمام تر ریشہ دوانیوں اور جبر و استبداد کے باوجود اپنی جدوجہد صبر وا ستقامت کے ساتھ جاری رکھنے پر کشمیریوں کو سلام پیش کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے اپنے ایک بیان میں شہید برہان مظفر وانی اور دیگر شہداءکو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکی عظیم قربانیوں کی حفاظت کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوںنے کہا کہ برہان وانی تحریک آزادی کے نمائیاں کردار کے طور پر ابھرے جن کی شاندار کارکرگی سے تحریک آزادی کو ایک نئی جہت ملی ۔
یاد رہے کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر 8 جولائی برہان وانی کی برسی کو یوم مزاحمت کے طور پر منایا جائے گا جبکہ 13جولائی کو 1931ءکے 22شہدا ءکی یاد میں یوم شہدائے کشمیر کے طور پر منایا جائے گا جو اس وقت کے ڈوگرہ مہاراجہ ہر ی سنگھ کی سپاہیوں کی گولیوں کا نشانہ بنے تھے۔