مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ جموں وکشمیر :مودی حکومت نے کشمیری مسلمانوں کو عید کی نماز ادا نہیں کرنے دی

بھارتی پولیس نے دوران حراست ایک نوجوان کو شہید کر دیا
سری نگر 10 جولائی (کے ایم ایس) جنوبی ایشیا کے مسلمان آج عید الاضحی منا رہے ہیں لیکن مودی کی فسطائی بھارتی حکومت کی طرف سے مسلط کردہ فوجی محاصرے اور مذہبی پابندیوں کی وجہ سے کشمیری مسلمانوں کے لیے یہ خوشیوں بھرا تہوار اپنی رونق سے یکسر محروم ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق قابض بھارتی انتظامیہ نے لوگوں کو سری نگر کی تاریخی جامع مسجد اور مرکزی عیدگاہ میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے سے روک دیا۔ جامع مسجد کے مرکزی دروازے کو تالے لگا دیئے گئے جبکہ آزادی کے حق میں مظاہروں کو روکنے کیلئے نوہٹہ اور شہر کے دیگر علاقوں میں بری تعداد میں بھارتی فوجی اور پولیس اہلکار تعینات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد قصبے کی عید گاہ میں بھی نماز ادا کرنے کی اجازت نہیں دی گئی جہاں ماضی میںعید کے بڑے بڑے اجتماعات ہوتے تھے۔انتظامیہ نے لوگوں کو عید گاہ میں داخل ہونے سے روکنے کے لیے اس کے دروازے بند کر دیے تھے۔
ستم ظریفی یہ ہے کہ کشمیری گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارتی بندوقوں کے سائے میں عید منا رہے ہیں۔ قابض بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ شہریوں کے قتل، گرفتاری، تشدد اور املاک کی توڑ پھوڑ جیسی وحشیانہ کارروائیوں میں کشمیریوں کے لیے عید کی خوشی ان کے لیے بے معنی ہو کر رہ گئی ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظر بند سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں وادی کشمیر کے مرکزی مقامات پر نمازعید کی اجازت نہ دینے پر مودی حکومت کی سخت مذمت کی۔
دریں اثنا بھارتی پولیس نے سرینگر کے علاقے نٹی پورہ سے ایک نوجوا ن کو گرفتار کرنے کے بعد دوران حراست بہیمانہ تشدد کر کے شہید کر دیا۔نوجوان کے قتل کے خلاف علاقے میں زبردست مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے شہید کے جسد خاکی کے ہمراہ دھرنا دیا اور آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے ۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے ایک بیان میں دوران حراست نوجوان کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا کہ وہ بے گناہ کشمیریوں کے قتل کے لیے بھارت کو جوابدہ ٹھہرائے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرے۔
بھارتی پولیس نے ضلع راجوری کے علاقے کالا کوٹ سے تلاشی آپریشن کے دوران ایک نوجوان کو گرفتار کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button