کشمیری صحافی شیخ لطیف کے ایصال ثواب کے لئے اسلام آباد میں دعائیہ مجلس کا اہتمام
اسلام آباد 12جولائی (کے ایم ایس)معروف کشمیری صحافی شیخ محمد لطیف مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے آج اسلام آباد کے علاقے غوری ٹائون میں ایک دعائیہ مجلس کا اہتمام کیاگیا۔ وہ کشمیر میڈیا سروس کے ساتھ بطور سب ایڈیٹر وابستہ رہے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے رہنمائوں، کشمیری برادری کے ارکان، سیاست دانوں، صحافیوں اور وکلاء سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے قرآن خوانی میں شرکت کی اور مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے دعا کی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور سوگوار خاندان کو یہ صدمہ صبر کے ساتھ برداشت کرنے کی ہمت عطا فرمائے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے مرحوم کے لیے خصوصی دعا کرائی۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کشمیر کاز کے لیے شیخ محمد لطیف کی خدمات اور قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔بحیثیت صحافی شیخ محمد لطیف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا۔ان کا تعلق مقبوضہ جموں وکشمیرکے گرمائی دارالحکومت سرینگر سے تھا اور وہ بھارتی مظالم کی وجہ سے 1990کی دہائی میں پاکستان ہجرت کرنے پر مجبور ہوگئے۔وہ گردے کی تکلیف سمیت مختلف عارضوںمیں مبتلا تھے اور جمعہ کو سی ایم ایچ راولپنڈی میں انتقال کر گئے۔