کشمیرپریمیئر لیگ پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتی ہے: مشعال ملک
اسلام آباد16جولائی(کے ایم ایس)پیس اینڈ کلچر آرگنائزیشن کی چیئرپرسن اور غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیری حریت رہنما محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک نے کہا ہے کہ کشمیر پریمیئر لیگ(کے پی ایل)پوری دنیا کو امن کا پیغام دیتی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مشعال ملک نے کے پی ایل کے دوسرے سیزن کی افتتاحی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری پرامن اور آزادی کے متلاشی ہیں۔انہوں نے منتظمین کو ایک دلکش لوگو” کھیلو آزادی کے ساتھ ”رکھنے پر بھی سراہا کیونکہ اس کا تعلق کشمیریوں کی تحریک آزادی ”جیوآزادی کے ساتھ”سے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ منتظمین نے اس لوگو کے ذریعے پوری دنیا کو سافٹ اورسفارتی پیغام دیا ہے۔انہوں نے لیگ میں آزاد کشمیر اور پاکستان میں مقیم منقسم کشمیری خاندانوں کے نوجوانوں کو بھی شامل کرنے کی تجویز پیش کی جس سے لیگ کی اہمیت مزید بڑھے گی کیونکہ کشمیریوں کی اپنی ایک شناخت ہے۔انہوں نے کہا کہ اس میں بین الاقوامی کھلاڑیوں کو بھی شامل کرناچاہیے۔ فسطائی مودی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے مشعال ملک نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی ظلم و بربریت کا بڑے حوصلے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری آزادی چاہتے ہیں اور بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیر میں قصاب بن چکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ یاسین ملک کو قید تنہائی میں رکھا گیا ہے اور جس کوٹھری میں انہیں قید کیا گیا ہے وہاں کوئی کھڑکی نہیں ہے۔اس موقع پر کے پی ایل کے صدر عارف ملک نے مشعال ملک کو یادگار کے طور پر ان کے شوہر محمد یاسین ملک کے لیے ایک ٹی شرٹ پیش کی۔مشعال ملک نے کہا کہ وہ یہ شرٹ یاسین ملک تک پہنچانا چاہتی ہیں۔ میں یاسین ملک کی جیل سے رہائی کے لیے دعا کرتی ہوں پھر آپ کا تحفہ اپنے شوہر کو دوں گی۔