مقبوضہ کشمیر میں اچھے نظم و نسق سے متعلق مودی حکومت کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں، ہرش دیو سنگھ
جموں 22 جولائی (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عام آدمی پارٹی کے رہنما ہرش دیو سنگھ نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے میں اچھے نظم و نسق سے متعلق مودی حکومت کے دعوے جھوٹے ثابت ہوئے ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ہرش دیو سنگھ نے جموں سے جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی حکومت گڈگورننس، شفافیت اور احتساب کے مبہم اور متضاد دعوے کر رہی ہے ۔ انہوں نے ان کسانوں کو معاوضے کی عدم ادائیگی پر مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانا جن کی زمینیں حکومت نے 2012سے اب تک سڑکوں کی تعمیر کے لیے حاصل کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیہی سڑکوں کی تعمیر کے لیے نہ صرف کسانوں سے حاصل کی گئی اراضی کانہیں کوئی معاوضہ نہیں دیاگیا بلکہ ان سڑکوں کی تعمیر کیلئے حاصل کی گئی متعدد تعمیرات اور رہائشی مکانات کے متاثرین کو بھی کوئی معاوضہ نہیں دیاگیا ہے۔ ہرش دیو سنگھ نے مزید کہا کہ غریب کسانوں کو بغیر کسی ریلیف کے ایک دفتر سے دوسرے دفتر کے چکر لگوائے جارہے ہیں جس کی وجہ سے متاثرین میں شدید مایوسی پائی جاتی ہے ۔فنڈز کے غلط استعمال کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ پی ایم جی ایس وائی ڈپارٹمنٹ نے 2012میں زیادہ تر سڑکوں کی تعمیر کیلئے گرائے گئے مکانات اور عمارتوں کے لیے معاوضہ جمع کرایا تھا۔ تاہم یہ رقم متاثرین کو ادا نہیں کی گئیں۔