پاکستان کاکشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر اظہار تشویش
اسلام آباد 29 جولائی (کے ایم ایس)
پاکستان نے کشمیری حریت رہنما یاسین ملک کی گرتی ہوئی صحت پر سخت تشویش کااظہار کرتے ہوئے بھارتی حراست سے انکی فوری رہا ئی کا مطالبہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار نیوز بریفنگ کے دوران بھارت پر زوردیا کہ وہ کشمیری عوام کے حقیقی نمائندوں کو غیرانسانی اور غیرقانونی طورپر حراست میںرکھنے اور بے بنیاد اورجھوٹے مقدمات میں شرمناک عدالتی کارروائی کے ذریعے نشانہ بنانے سے باز رہے۔انہوں نے ایک بار پھر عالمی برادری پرزوردیا کہ وہ بھارت کی طرف سے غیرانسانی اورغیرقانونی حراست اور یاسین ملک اور دوسرے قیدیوں کے ساتھ رواظالمانہ رویے کانوٹس لے اوریقینی بنائے کہ کشمیری عوام اقوام متحدہ اورعالمی برادری کے وعدے کے مطابق اپنا حق خودارادیت حاصل کرسکیں۔ترجمان نے کہاکہ ہم غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اورغیرقانونی اقدامات کے تین سال پورے ہونے کے موقع پر اگلے ماہ کی پانچ تاریخ کو یوم استحصال منارہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پاکستان غیرقانونی طورپر بھارت کے زیرقبضہ جموں وکشمیر کے عوام کے غیرمتزلزل جذبے اور ان کی عظیم قربانیوں کوسلام پیش کرتا ہے۔