بھارتیہ کسان یونین نے ایک اور تحریک کی دھمکی دیدی
مظفرنگر11 اگست (کے ایم ایس)بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) نے ایک اور کسان تحریک کی دھمکی دیتے ہوئے کسانوں سے کہا ہے کہ اگر وہ اپنی زندگی اور زمینوںکی حفاظت کرنا چاہتے ہیں تو تحریک کے لئے تیار رہیں۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ” بی کے یو “ کے ترجمان راکیش ٹکیت نے اتر پردیش کے ضلع مظفر نگر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو مفت بجلی دینے کے اپنے انتخابی وعدے کو پورا نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کا استحصال کیا ہے اور شوگر ملوں نے کسانوں کے گنے کے بقایا جات کی تاحال ادائیگی نہیں کی ۔ انہوںنے کہا کہ بقایا جات ادا نہ ہونے کی وجہ سے کسانوں کی معاشی صورتحال خراب ہو گئی ہے ۔ ٹکیت نے کہا کہ کسان ، غریب اور مزدور مشکل دور سے گزر رہا ہے ، کسانوں کو کئی مسائل کا سامنا ہے جنکا حل نکالنا ضروری ہے لیکن حکومت اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ۔ انہوںنے فوج میں بھرتی کے حوالے سے نئی سکیم اگنی پتھ پر بھی سوال اٹھائے۔