بھارت: بی جے پی کی حکومت ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح عوام سے انکے حقوق چھین رہی ہے ، کمل ناتھ
بھوپال 16 اگست (کے ایم ایس)
بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلی کمل ناتھ نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کا ایسٹ انڈیا کمپنی سے موازنہ کرتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کمل ناتھ نے کہاکہ بی جے پی نے جمہوریت کے نقاب سے اپنا اصل چہرہ چھپا رکھا ہے اوروہ عوام سے انکے حقوق چھین رہی ہے جیسا کہ ایسٹ انڈیا کمپنی نے برسوں پہلے کیاتھا۔ کمل ناتھ نے جو مدھیہ پردیش کانگریس کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں ریاست کے عوام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ طاقتیں بھارت کے عوام لوگوں کو غلامی کی طرف دھکیل رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ 1947سے پہلے کانگریس نے ملک کی آزادی کے لیے برسوں تک جنگ لڑی تھی اور اب 21ویں صدی میںمودی کی ظالمانہ حکمرانی کے خلاف ایک اور لڑائی شروع کی ہے کانگریس کو جمہوریت کو بچانے کے لیے لوگوں کی حمایت کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ بعض قوتیں جمہوریت کے نقاب کے پیچھے چھپ کرعوام کو گمراہ کر رہی ہیں۔انہوں نے کہاکہ وہ عوام سے بڑے بڑے وعدے کررہی ہیں جیسے ایسٹ انڈیا کمپنی انگریزوں کے دور میں کرتی تھی۔ کمل ناتھ نے کہاکہ یہ قوتیں ملک کے عوام کو غلامی کی طرف دھکیل رہے ہیں،کسانوں کی زمینیں چھینی جا رہی ہیں، آزادی اظہار پر مکمل قدغن عائد ہے۔انہوں نے مودی حکومت کی اقتصادی پالیسیوں پر بھی شدید تنقید کی۔