سرینگر: فاروق عبداللہ نے کل جماعتی اجلاس طلب کر لیا
سرینگر18 اگست (کے ایم ایس)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں نیشنل کانفرنس (این سی) کے صدر فاروق عبداللہ نے کل جماعتی اجلاس طلب کر لیاہے جس میں مودی حکومت کی طرف سے کشمیر اسمبلی کے انتخابات میں بھارتی شہریوں کو ووٹ ڈالنے کی اجازت دینے کے اعلان کے خلاف مشترکہ حکمت عملی وضح کی جائے گی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی اجلاس 22اگست بروز پیر فاروق عبداللہ کی رہائش گاہ پر منعقد ہوگا۔
فاروق عبداللہ نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے علاوہ تمام جماعتوں کو مستقبل کے لائحہ عمل پر بات چیت کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔
قبل ازیں محبوبہ مفتی نے کہا تھا کہ انہوں نے فاروق عبداللہ سے رابطہ کر کے ان سے کہا کہ وہ آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کے لیے کل جماعتی اجلاس بلائیں۔
یاد رہے کہ بھارتی الیکشن کمیشن نے مقبوضہ علاقے میں مقیم بھارتی باشندوں کو بھی یہاں ووٹ ڈالنے کی اجازت دی ہے۔