نیشنل کانفرنس کامقبوضہ جموں وکشمیرمیں لوگوں کے جمہوری حقوق بحال کرنے کامطالبہ
سرینگر27نومبر(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میںنیشنل کانفرنس نے قابض حکام پر زور دیا ہے کہ وہ علاقے کے عوام کے تمام جمہوری حقوق بحال کریں۔
نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنمائوں اور ارکان پارلیمنٹ محمد اکبر لون اور حسنین مسعودی نے سرینگر میں ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ یہ بات افسوسناک ہے کہ کشمیری عوام کو آئین میں درج ان کے حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔انہوں نے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت والی بھارتی حکومت نے جموں و کشمیر کے ساتھ معاملہ کرتے ہوئے آئین کی توہین کی ہے۔انہوں نے کہاکہ اگر موجودہ حکمران آئین کے حوالے سے مخلص ہوتے تو آئین میں دیے گئے جموں و کشمیرکے حقوق اور حیثیت یکطرفہ طورپر اور دھوکے دہی سے ختم نہیں کرتے۔ این سی رہنمائوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگوں کو حق رائے دہی سے محروم کر دیا گیا ہے اور ان کے آئینی اور جمہوری حقوق بھی چھین لئے گئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں میں انتہائی مایوسی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیاکہ کشمیر میں معاشی سرگرمیاں ٹھپ ہو کر رہ گئی ہیں۔