ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی مذمت
سرینگر 25اگست (کے ایم ایس)غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی نے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کے مسلسل واقعات اور بھارتی شہریوں کو ووٹ کا حق دینے کی شدیدمذمت کی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی کے ترجمان ایڈوکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم وتشدد اور قتل عام کی وجہ سے کشمیریوں کواپنی بقا کا سنگین خطرہ لاحق ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کے قتل عام اور گرفتاری کو بھارتی حکومت کی منظم نسل کشی کی مہم کا حصہ قرار دیتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا فوری نوٹس لیں اور بھارتی فورسز کی طرف سے جاری ظلم و تشدد کی غیر انسانی کارروائیاں رکوانے میں مدد کریں۔انہوں نے کہا کہ نام نہاد محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران بے گناہ کشمیریوں کو ہراساں اوربدسلوکی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے جبکہ بھارت ماورائے عدالت قتل، جبری گمشدگیوں اور نوجوانوں کے جعلی مقابلوں میں قتل کو کشمیریوں کی اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جائز جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔ ڈی ایف پی کے ترجمان نے بھارتی شہریوں کو حق رائے دہی دینے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ایک سازش قرار دیا جس کا مقصد فیصلہ سازی کے عمل میں کشمیری مسلمانوں کے کردار کو کم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے ماضی میں بھی بھارت کی مذموم سازشوں کو ناکام بنایا ہے اور وہ آئندہ بھی بھارت کی ان سازشوںکو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ۔