حریت رہنمائوں کا سید علی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت ،جمعرات کو ہڑتال کی اپیل کا اعادہ
سرینگر29اگست(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے قائد حریت سید علی گیلانی کی پہلی برسی کے موقع پر جمعرات کو مکمل ہڑتال اور سرینگر کے علاقے حیدر پورہ میں ان کی قبر کی طرف مارچ کی کال کا اعادہ کیا ہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے جنرل سیکرٹری مولوی بشیر احمد عرفانی نے سرینگر میں جاری ایک بیان میںکنٹرول لائن کے دونوں جانب اوردنیا بھر میںمقیم کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ اس دن مقبوضہ علاقے میں بھارتی جرائم کو بے نقاب کرنے کے لیے احتجاجی مظاہرے کریں۔ انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی صدی کے قائد تھے جنہوں نے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے اپنی پوری زندگی وقف کر دی اور اپنا سب کچھ قربان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی زندگی بھرکی جدوجہد اور قربانیاںآنے والی نسلوں کے لیے رول ماڈل ہے۔مولوی بشیر عرفانی نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو قتل توکر سکتا ہے لیکن ان کے جذبہ آزادی کو شکست نہیں دے سکتا۔ انہوں نے اقوام متحدہ، او آئی سی اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیں اور بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو روکنے کے لیے فوری اور ٹھوس اقدامات کریں۔
حریت رہنما بشیر احمد اندرابی نے کہا کہ سید علی گیلانی ایک عظیم رہنما اور تحریک آزادی کے قائد تھے جنہوں نے کشمیری عوام میں آزادی کا جذبہ پیداکیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ایک پراثر مقرر اور پرعزم حریت ہنما تھے۔ فریدہ بہن جی، یاسمین راجہ، زمرودہ حبیب، عبدالاحد پرہ، فردوس شاہ، غلام محمد خان سوپوری اورتحریک حریت جموں و کشمیرسمیت دیگر حریت رہنمائوں اورتنظیموںنے بھی اپنے بیانات میں سید علی گیلانی کو شاندارخراج عقیدت پیش کیا ہے۔