APHC

مودی حکومت مقبوضہ کشمیر سے مسلمانوں کی جبری بے دخلی اور آبادی کا تناسب بگاڑنے پر تلی ہوئی ہے ، غلام گلزار

سرینگر 02فروری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے افسوس ظاہر کیاہے کہ مودی کی فسطائی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں آبادی کے تناسب کو بگاڑنے کیلئے مقبوضہ علاقے سے مسلمانوں کی جبری بے دخلی اور ہندو جنونیوں کو آباد کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مودی حکومت 05 اگست 2019کومقبوضہ کشمیرکی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے کشمیریوں سے انکی شناخت، ثقافت اور زمینوں کو چھیننے اور ان پرہندوتوانظریہ مسلط کرنے کیلئے یکے بعد دیگر اقدامات کرر ہی ہے ۔ انہوں نے واضح کیاکہ مقبوضہ علاقے میں تجاوزات ہٹانے کی نام نہاد مہم کے نام پر کشمیریوںکی زمینوں پر قبضے اوران کے گھروں کو مسمار کرنے کا حالیہ اقدام کشمیریوں کی جبری طورپر بے دخلی اور انہیں ان کی زمینوں اور وسائل سے محروم کرنے کی ایک اور سازش ہے۔غلام احمد گلزار نے کہا کہ سرینگر میںکل جماعتی حریت کانفرنس کے دفتر کو ضبط کرنا کشمیریوں کو خوف و دہشت میں مبتلا کرنے کی ایک اور مذموم کوشش ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حریت کانفرنس کشمیر عوام کی امنگوں کی نمائندگی کرتی ہے اور اسکے دفتر کی عمارت کو ضبط کئے جانے سے صرف کشمیریوں کا جذبہ حریت مزید مضبوط ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ طاقت کے وحشیانہ استعمال اور سازشوں کے ذریعے جموںو کشمیر پر قبضہ کرنے اور اسے فتح کرنے کے بھارت کے مذموم عزائم بری طرح ناکام ہو چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تازہ ترین بے دخلی کی مہم، املاک کی تباہی اور سرینگر میں حریت کانفرنس کے صدر دفتر کو ضبط کئے جانے سے بھارت میں ہندوتوا طاقتوں کی بڑھتی ہوئی مایوسی ظاہر ہوتی ہے۔غلام احمد گلزار نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کی غیر متزلزل حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کا محسن ہے کیونکہ وہ 1947سے مسلسل تمام بین الاقوامی فورموں پر کشمیر یوں کی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔انھوں نے کہا کہ پاکستان کی طرف سے ہر سال5فروری کو منائے جانیوالے یوم یکجہتی کشمیر سے مقبوضہ کشمیرکے مظلوم عوام کے حوصلے بلند ہوتے ہیں ۔ انہوں نے پشاور میں ہونے والے حالیہ دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو کمزور کرنے کیلئے اس طرح کی گھنائونی کارروائیاں بھارت کی پشت پناہی اور مالی معاونت سے کی جاتی ہیں۔ انہوں نے دھماکے کے شہداء کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔
ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنما محمد سلطان بٹ نے اسلام آباد میں ایک بیان میں سرینگر میں حریت کانفرنس کے صدردفتر کو ضبط کرنے ، جبری بے دخلی کی مہم، املاک کی تباہی اورمقبوضہ کشمیرمیں مودی حکومت کے دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی مسلسل حمایت جاری ر کھنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزیدتیز کرے گا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button