کشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام سیمینار کے مقررین کا سیدعلی گیلانی کو شاندار خراج عقیدت
مظفر آباد 02ستمبر (کے ایم ایس)
قائد حریت سیدعلی گیلانی کی شہادت کی پہلی برسی کے موقع پر آزاد جموں و کشمیر یونیورسٹی کے زیر اہتمام منعقدہ سیمینار کے مقررین نے سیدعلی گیلانی کو بھارتی مظالم کے خلاف بے مثال مزاحمت پر انہیں تحریک آزادی کشمیر کا حقیقی ہیرو اور عہد ساز رہنماء قرار دیاہے۔
مقررین نے کہا کہ سید علی گیلانی نے کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے آزادی دلانے کے لیے عمر بھر جدوجہد کی اور ان کی بے مثال جدوجہد اور مزاحمت کشمیریوں کی آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ہے ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یونیورسٹی کے ڈائریکٹر فنانس اور سینئر پروفیسر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان نے کہا کہ 1950کی دہائی میں کشمیر کی سیاست میں قدم رکھنے والے سید علی گیلانی نے کشمیریوں کی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے 37سال تک پرامن طورپر سیاسی جدوجہد کی۔انہوں نے کہاکہ تین بار مقبوضہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے سید علی گیلانی نے 80کی دہائی کے آخر میں پارلیمانی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کی اور اپنی زندگی مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو پروان چڑھانے اور بین الاقوامی سطح پر بھارت کے اصل چہرہ بے نقاب کرنے کے لیے وقف کر دی۔ڈاکٹر قیوم نے کہا کہ تمام تر مشکلات، مصائب اور مشکلات کے باوجود سید علی گیلانی نے بے مثال عزم اور ہمت کا مظاہرہ کیا اور اپنے اصولی موقف پر کبھی سمجھوتہ نہیں کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایسوسی ایٹ ڈین فیکلٹی آف ہیلتھ اینڈ میڈیکل سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمان کانتھ نے کہا کہ سید علی گیلانی جدوجہد آزادی کشمیر کا ایک چمکتا ہوا ستارہ ہیں جنہوں نے کشمیری نوجوانوں کو بھارتی تسلط سے اپنے مادر وطن کی آزادی اور تحریک آزادی میں شامل ہونے کی ترغیب دی ۔ڈاکٹر کانتھ نے کہا کہ سید علی گیلانی نے” ہم پاکستانی ہیں اور پاکستان ہمارا ہے” کا نعرہ بھارتی فوج کی سنگیوں کے نیچے لگا کر ثابت کیا کہ وہ خود پاکستانیوں سے زیادہ سچے پاکستانی ہیں۔سیمینار سے یونیورسٹی کے رجسٹرار سردار ظفر اقبال، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹس افیئرز، شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے سربراہ ڈاکٹر امتیاز اعوان، انسٹی ٹیوٹ آف کشمیر اسٹڈیز کی سربراہ ڈاکٹر رخسانہ سید خان، ڈاکٹر سمیرا، ذوالقرنین کاظمی اور مولانا شکیل احمد نے بھی خطاب کیا۔