بہار: 30برس سے زائد عرصے تک زیر آب رہنے والی مسجد نمودار
پٹنہ 09ستمبر(کے ایم ایس) بھارتی ریاست بہار کے شہر نوادہ کے ایک گاﺅںمیں دریا کا پانی خشک ہونے ایک ایک مسجد نمو دار ہو گئی جو 30برس سے زائد عرصہ قبل ڈیم بننے کی وجہ سے زیر آب آگئی تھی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق چند ولی گاﺅں میں خشک سالی کے باعث دریا کا پانی خشک ہو گیا جس کے بعد پھولواریہ ڈیم کا جنوبی حصہ خالی ہو جانے سے ایک مسجد ابھر آئی جو اپنی اصل حالت میں موجود ہے۔ مسجد نمودار ہونے کی خبرپھیلتے ہی اسے دیکھنے کیلئے لوگوں کا تانتا بندھ گیا۔ مسلمان مسجد کے دیدار کے لیے کئی کئی کلو میٹر دور سے پہنچ رہے ہیں۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس مسجد کا نام ”نوری مسجد “ ہے اور یہ اپنے فن تعمیر کے اعتبار سے چھ سو سال قدیم لگتی ہے ۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ 1985میں پھلواریہ ڈیم کی تعمیر کے بعد مسجد زیر آب آگئی تھی ۔ یہ مسجد قریباً 30فٹ بلند ہے اور اس پر ایک بالائی دیدہ زیب گنبد بھی موجود ہے ۔ ڈیم کی تعمیر پر کام شروع ہونے سے پہلے یہاں بڑی آبادی موجود تھی جنہیں بے دخل کیا گیا تھا۔