بی ایس ایف کے سابق افسرکے خلاف دھوکہ دہی کا مقدمہ ، پولیس حراست سے فرار ہونے کی کوشش
گروگرام18ستمبر(کے ایم ایس) بھاتی پیراملٹری بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف)کے سابق ڈپٹی کمانڈنٹ نے جس پر تقریبا 100 کروڑ روپے کی دھوکہ دہی کا مقدمہ درج ہے، گروگرام میں عدالت سے واپسی کے دوران پولیس کی حراست سے بھاگنے کی کوشش کی۔
ان کے ساتھ ڈیوٹی پر مامورہیڈ کانسٹیبل جے بھگوان کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ ملزم پریوین یادو کو جوڈیشل مجسٹریٹ آزاد سنگھ کی عدالت میں پیش کرنے کے بعد واپس جا رہے تھے۔انہوں نے کہاکہ جب ہم ڈی بلاک میں وکلا ء چیمبر کے قریب پہنچے تو ملزم پریوین اچانک گیٹ نمبر 2 کی طرف بھاگا۔ جب میں نے شورمچایا تو دیگر پولیس والے اس کے پیچھے بھاگے اور سب انسپکٹر کشمیر سنگھ نے ملزم کو پکڑ لیا۔ اس نے بھاگنے کی کوشش کی لیکن نیچے گرا اور آخر کار ہم نے اسے پکڑلیا۔شکایت کے بعد شیواجی نگر پولیس اسٹیشن میںملزم کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے بتایا کہ ملزم کو عدالتی تحویل میں بھیجا گیا ہے۔گروگرام پولیس نے ملزم، اس کی بیوی اور بہن کو جنوری میں تین تاجروں کے ساتھ100کروڑ روپے سے زیادہ کا فراڈکرنے پرگرفتارکیاتھا۔