جموں وکشمیر کی تمام سیاسی جماعتیں دفعہ 370کی بحالی کیلئے متحد ہیں، فاروق عبداللہ
سرینگر28 ستمبر (کے ایم ایس )
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کی ہر سیاسی جماعت دفعہ 370اور 35-Aکی بحالی کیلئے متحد ہے اور ان میں کوئی اختلاف نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر کے نوائے صبح کمپلیکس میں ایک تقریب کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے باتیں کرتے ہوئے کہا کہ ہرسیاسی جماعت کا اپنا نظام ہے ، تاہم جہاں تک جموں و کشمیر اوردفعہ 370اور 35-Aکامعاملہ ہے ہم سب اس کی بحالی پر متحد ہیں۔
بی جے پی کے بارے میں انہوں نے کہا کہ وہ حکومت کرنے کیلئے مسلمانوں کے درمیان تقسیم پیدا کرنا چاہتی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بی جے پی نے ہمیشہ حکمرانی کیلئے اسی پالیسی کو استعمال کیا ہے اور ہمیں متحد رہنا ہو گا کیونکہ اسی کے ذریعے ہم بی جے پی کو شکست دے سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ دفعہ370اور 35Aکی بحالی کے حوالے سے بھارتی سپریم کورٹ کی سماعت کا انتظار کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محبوبہ مفتی کا اپنا طریقہ ہے اور وہ یہ مقصد اپنے طریقے سے حاصل کرنا چاہتی ہیں۔فاروق عبداللہ نے کہا کہ بڑھتے ہوئے مسائل بالخصوص نوجوانوں کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے سب کو اکٹھے ہونے کی ضرورت ہے ورنہ تباہی ہوگی۔