مقبوضہ جموں وکشمیر:مژھل میں آٹھ دن گزرنے کے باوجود سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی جاسکی، لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا
سرینگر: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں شدید برف باری کے باعث ضلع کپواڑہ کے بالائی علاقے مژھل کا رابطہ ضلع ہیڈکوارٹر سے مسلسل منقطع ہے اورآٹھ دن گزرنے کے باوجود سڑکوں سے برف نہیں ہٹائی گئی جس سے مکینوں کوشدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مژھل کے رہائشیوں نے اپنی حالت زار کا اظہارکرتے ہوئے بتایاکہ علاقے میں 4فٹ سے زیادہ برف پڑنے سے معمولات زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئے ہیںاور اندرونی سڑکیں بھی چلنے کے قابل نہیں ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کپواڑہ جانے والی مرکزی سڑک کے بند ہونے کے ساتھ ساتھ برف کی وجہ سے اندرونی سڑکوں سے بھی برف نہیں ہٹائی گئی جس کی وجہ سے وہ آزادانہ نقل و حرکت سے قاصر ہیں۔علاقے کے سابق سرپنچ محمد حبیب اللہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہمیں مسائل کا سامنا ہے۔ ہمیں خوراک اور دیگر ضروری اشیا کی قلت کا سامنا اور صحت کی سہولیات کا فقدان ہے۔انہوں نے قابض حکام سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں کو صاف کرنے کی کوششیں تیز کریں اورلوگوں کو اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنائیں اور ان کی مشکلات میں کمی لائی جاسکے۔