نیویارک 21 ستمبر (کے ایم ایس) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں دنیا کے نوجوان وزرائے خارجہ کی کانفرنس کی صدارت کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازے کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق پرامن حل پر زور دیا۔
اقوام متحدہ کے گروپ آف فرینڈز آف میڈیشن کا وزارتی اجلاس نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر منعقد ہوا۔وزرائے خارجہ نے دنیا کو درپیش بین الاقوامی مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔کانفرنس میں کینیڈا، جمہوریہ چیک، ہنگری، قطر اور سربیا کے وزرائے خارجہ نے شرکت کی۔ وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر نے بھی تقریب میں شرکت کی۔وزیر خارجہ بلاول بٹھو زرداری نے اپنے خطاب میں امن اور ترقی کے حوالے سے چیلنجز پر قابو پانے کے لیے کوششوں پر زور دیا ۔انہوں نے کہا کہ نوجوان وزرائے خارجہ ہونے کے ناطے وہ بین الاقوامی برادری کے درمیان باہمی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کا مقصد دنیا کے مستقبل پر بات چیت کے لیے ایک طریقہ کار وضع کرنا بھی ہے۔ وزرائے خارجہ نے بلاول بھٹو کے نوجوان وزرائے خارجہ کو اکٹھا کرنے کے اقدام کو سراہا اور انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔