جموں وکشمیر کے بار ے میں بھارتی دعوے گمراہ کن اور سوائے فریب کے کچھ نہیں، پاکستان
اسلام آباد:پاکستان نے جموں و کشمیر کے بارے میں بھارتی دعووں کو واضح طور پر مسترد کرتے ہوئے انہیں گمراہ کن اور محض فریب قرار دیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی وزیرخارجہ کے جموں وکشمیر پر حالیہ بیان کے حوالے سے میڈیا کے سوالات کے جواب میں دفتر خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ جموں و کشمیر کا تنازعہ بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
ترجمان نے مسائل کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔ تاہم خبردار کیا کہ کسی بھی جارحانہ اقدام کا مقابلہ غیر متزلزل عزم کے ساتھ کیا جائے گا۔
انہوں نے بھارت پر پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرکے بارے میں اپنی اشتعال انگیز بیان بازی ترک کرے اورتنازعہ کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے بامعنی بات چیت کی راہ اختیار کرے۔ ترجمان نے مزید کہاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت کے یکطرفہ اقدامات جموں کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو ہرگز تبدیل نہیں کرسکتے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا جنوبی ایشیا میں حقیقی امن و استحکام تنازعہ کشمیر کے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل سے ہی آسکتا ہے۔