بھارت: انسداد دہشت گردی سکواڈ نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے 6ارکان گرفتارکرلئے
لکھنو25ستمبر(کے ایم ایس)بھارتی ریاست اترپردیش میں انسداد دہشت گردی سکواڑ نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا کے خلاف کارروائی کو تیز کرتے ہوئے دو مختلف قصبوں سے تنظیم کے چھ ارکان کو گرفتار کیاہے۔
جمعہ اور ہفتے کی درمیانی رات میرٹھ سے پی ایف آئی کے چار ارکان کو گرفتار کیا گیا جبکہ کل رات بنارس(نیانام وارانسی) میں دو دیگر کو گرفتار کیا گیا۔میرٹھ کے کھرکھوڈا پولیس اسٹیشن اور بنارس کے تھانہ آدم پور میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
دریں اثناء بھارت میں پاپولر فرنٹ آف انڈیا (PFI)کے ارکان کے خلاف 15ریاستوں پر پھیلے ہوئے اب تک کے سب سے بڑے آپریشن کا کوڈ نام ”آپریشن آکٹوپس”ہے۔ بھارت کے بدنام زمانہ تحقیقاتی اداروں این آئی اے اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی مشترکہ ٹیموں نے 22ستمبر کو کئی ریاستوں میں چھاپوں کے دوران 106سے زیادہ پی ایف آئی ارکان کو گرفتار کیا۔ آندھرا پردیش میں 4مقامات پر، تلنگانہ 1، دہلی 19، کیرالہ 11، کرناٹک 8، تامل ناڈو 3، اتر پردیش 1، راجستھان 2 اور حیدرآباد میں 5مقامات پر چھاپے مارے گئے جبکہ آسام، مدھیہ پردیش، مہاراشٹر، گوا، مغربی بنگال، بہار اور منی پور میں بھی کئی کئی مقامات پر چھاپے مارے گئے۔گزشتہ چند سالوں میں مختلف ریاستوں میںپاپولر فرنٹ آف انڈیا کے رہنمائوں اور کارکنوں کے خلاف کئی پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں بڑی تعداد میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔